ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہائی کورٹ کے ججوں پر جسٹس بی آر گوَئی کی برہمی، کہا- پرموشن کے لیے بند کریں تشہیر

ہائی کورٹ کے ججوں پر جسٹس بی آر گوَئی کی برہمی، کہا- پرموشن کے لیے بند کریں تشہیر

Tue, 02 Jul 2024 17:24:47    S.O. News Service

نئی دہلی، 2/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) سپریم کورٹ کے جسٹس بی آر گوَئی نے حال ہی میں ہائی کورٹ کے کچھ ججوں میں وقت کی پابندی اور مناسب طرزعمل کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے وقت پر کیس نمٹانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ جسٹس گوَئی نے یہ باتیں کولکاتہ میں نیشنل جوڈیشل اکیڈمی کی علاقائی کانفرنس میں کہیں۔

جسٹس بی آر گوَئی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظم و ضبط کی یہ کمی صرف وقت کی پابندی تک محدود نہیں ہے۔ یہ افسوسناک ہے کہ کچھ جج اپنی ترقی کے لیے مہم چلانے کی حد تک چلے جاتے ہیں۔ ایسی کارروائیاں نظم وضبط کے اس اصول کو کمزور کرتی ہیں جسے ہمیں برقرار رکھنا چاہیے۔

بار اینڈ بنچ کی رپورٹ کے مطابق نیشنل جوڈیشل اکیڈمی کی علاقائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس بی آر گوَئی نے کہا کہ کچھ ہائی کورٹس میں کچھ ججس وقت پر نہیں بیٹھتے ہیں۔ یہ جان کر حیرت ہوتی ہے کہ عدالت کے اوقات صبح 10:30 بجے ہیں اور کچھ جج 11:30 بجے بیٹھتے ہیں اور 12:30 بجے اٹھتے ہیں جب کہ عدالتی اوقات 1:30 بجے تک ہیں۔ یہ جان کر مزید حیرت ہوتی ہے کہ کچھ ججس تو دوسرے نصف وقت میں بیٹھتے ہی نہیں۔

جسٹس بی آر گوَئی نے کہا کہ وکلاء کے ساتھ بدتمیزی کرنے سے ادارے کا وقار نہیں بڑھتا بلکہ کمزور ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اعلیٰ سرکاری افسران کو غیر ضروری طور پر عدالت میں بلانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض ججز سینئر افسران کو بلا وجہ عدالت میں بلانے کر مزہ لیتے ہیں، جس سے ان افسران کی ڈیوٹی میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔


Share: